سندھ اور پنجاب میں دھند سے فلائٹ آپریشن متاثر

Published On 31 December,2023 09:24 am

لاہور: (ویب ڈیسک ) سندھ اور پنجاب کے متعدد علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث کئی پروازیں متاثر ہوگئی ہیں۔

پنجاب میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، دھند کے باعث مختلف مقامات سے موٹرویز کو بند کردیا گیا ، موٹروے ایم ون صوابی سے برہان تک اور موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک بند کی گئی ہے۔

 موٹروے ایم فور گوجرہ سے پنڈی بھٹیاں تک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیاہے۔

سندھ کے علاقے نوڈیرو اور اسکے مضافات کے علاقے شدیددھند کی لپیٹ میں ہیں، جس کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے ۔

دھند نے پنجاب کے مختلف شہروں میں فلائٹ آپریشن کو بھی متاثر کیا ہے، کراچی سے لاہور کی پروازیں پی کے 303 اور 306 دھند کے باعث منسوخ کردی گئیں جبکہ اسلام آباد سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 742 کو بھی منسوخ کردیا گیا۔

دھند کی وجہ سے ابوظبی سے لاہور کیلئے پرواز پی کے 364 کی اسلام آباد میں لینڈنگ ہوئی اور شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 186، دبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 204 کو بھی اسلام آباد میں اتارا گیا۔