ن لیگ کا سندھ میں ایک بھی ایسا منصوبہ نہیں جس پر فخر کر سکے، سعید غنی

Published On 29 December,2023 08:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے سندھ میں کوئی ایک ایسا منصوبہ بھی نہیں دیا جس کا وہ فخر کر سکے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف کے کیے گئے دعوے انتہائی حیرت انگیز ہیں، ن لیگ کی 2013ء سے2018ء تک وفاقی حکومت رہی ہے، 5 سال میں ایک گرین بس کے ادھورے منصوبے کا افتتاح کرنا اور چند سڑکوں کا بنانا کافی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے جو 7 یوسیز جیتیں وہ پیپلز پارٹی سے اتحاد کے نتیجے میں جیتی ہیں، ن لیگ کراچی میں تن تنہا ایک بھی یوسی نہیں جیت سکتی تھی۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اس شہر اور صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی۔