لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب میں شدید دھند کا راج برقرار ہے، کسی جگہ پر حد نگاہ صفر تو کہیں انتہائی کم ہے، دھند کی وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں آنے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، موٹروے ایم 2 لاہور سے شیخوپورہ، موٹروے ایم 3 کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور فیصل آباد، ایم فائیو پر شیر شاہ سے اوچ شریف اور لاہور سیالکوٹ موٹروے پر بھی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا۔
لاہور ایئرپورٹ کے اطراف دھند کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہو گیا، صورتحال کے پیش نظر متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور متعدد کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ لاہور، ملتان اور سیالکوٹ سے آپریٹ ہونے والی پروازیں متاثر ہوئیں، کم حد نگاہ اور دھند میں شدت کے باعث فضائی آپریشن میں دشواری کا سامنا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ دھند کے باعث لاہور، ملتان اور سیالکوٹ کی پروازیں منسوخ، تبدیل یا تاخیر کا شکار ہو سکتی ہیں، مذکورہ شہروں میں دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہو جاتا ہے۔
ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی کہ ایئرپورٹ کیلئے نکلنے سے قبل اپنی پرواز کے بارے میں معلومات پی آئی اے کال سینٹر سے حاصل کریں، اپنے معزز مہمانوں کو ہونے والی زحمت کیلئے معذرت خواہ ہیں۔