نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن میں اپنی متوقع شکست سے بچنے کیلئے دھاندلی کا شور مچا رہی ہے۔
ن لیگی رہنما احسن اقبال نے نارووال کے حلقہ این اے 76 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے، اس موقع پر کارکنان سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جنرل الیکشن 2024ء صاف شفاف ہوں گے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف ریاستی جرم کرنے پر کارروائی کی جا رہی ہے، 8 فروری کو ہر قیمت پر انتخابات ہوں گے، انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ بھی واضع حکم دے چکی ہے، انتخابات کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے پی ٹی آئی مختلف حربے استعمال کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ انتخابات نہ ہوں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر گھناؤنا کھیل کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، پی ٹی آئی کے پاس صرف دو راستے ہیں، اپنے کیے پر عوام سے معافی مانگے اور مفرور عدالت میں پیش کرے، ہم تمام پارٹیوں کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔