ملتان: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کر لیا۔
ہائیکورٹ ملتان بنچ میں دائر کی جانے والی درخواست میں الیکشن کمیشن، حکومت پنجاب، آئی جی، آر اوز، سی پی او اور ڈی سی ملتان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ اس میں شاہ محمود قریشی، زین قریشی اور مہربانو قریشی کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے، حلقہ این اے 148 ملتان اور این اے 150 کیلئے الیکشن پراسیس میں تحفظ فراہم کیا جائے، کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کیلئے کسی قسم کی رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں۔
درخواست میں کاغذات نامزدگی جمع اور پولنگ تک تمام مراحل میں مکمل تحفظ اور آزادی فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔