کمشنر لاہور کی انڈر پاس کی تزئین و آرائش 48 گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت

Published On 09 December,2023 07:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت کینال روڈ انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کی پیشرفت کا اہم جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں انڈرپاسز کی بیوٹیفکیشن کا کام جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی۔

کمشنر لاہور نے جیل روڈ انڈرپاس کی تزئین و آرآئش کو اگلے 48 گھنٹے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا انڈرپاسز پر سول ورک رات 10 بجے تا صبح 6 بجے تک کیا جائے، ٹریفک روانی متاثر نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ انڈرپاسز جن شخصیات کے نام سے منسوب ہیں ان کے نمایاں کارناموں بارے تفصیلات آویزاں کی جائیں گی، انڈرپاسز کے کام کی تکمیل کے لئے ڈیڈ لائنز دے دی ہیں، ٹریفک روانی کو متاثر کئے بغیر جلد کام مکمل کیا جائے۔

چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے کہا تمام انڈر پاسز پر اگلے دو ہفتوں کے دوران کام مکمل کر لیا جائے گا، پہلے مرحلے میں کینال روڈ کے دونوں اطراف پر موجود 9 انڈرپاسز کی تزئین و آرائش کا کام شروع ہے، ٹھوکر نیاز بیگ تا انڈرپاس دھرم پورہ تک دونوں اطراف کام کیا جارہا ہے۔