اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے بالمشافہ ملاقات کرانے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اپنے وکیل عمران شفیق کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا وزارت خارجہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے بالمشافہ ملاقات کا اہتمام کروائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی گزشتہ ملاقات میں دونوں بہنوں کے مابین شیشے کی دیوار حائل رکھی گئی، صرف بہن سے ملاقات کے لئے ہزاروں میل کا سفر کر کے پہنچی، اس کے باوجود اس انداز میں ملاقات کروائی گئی جو دونوں بہنوں کے لئے اذیت کا باعث بنی۔
وکیل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا وزارت خارجہ اور پاکستانی قونصل خانہ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں ناکام رہا، ڈاکٹر فوزیہ کی واپسی12 دسمبر کو شیڈول ہے، واپسی سے قبل وزارت خارجہ بلا رکاوٹ بالمشافہ ملاقات کا اہتمام کرے۔
درخواست میں استدعا کی گئی عدالت وزارت خارجہ کو فی الفور ایکشن لینے کی ہدایت کرے۔