نگران وزیر اعظم کی ہالینڈ کے وزیر اعظم سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Published On 01 December,2023 07:38 pm

دبئی: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کوپ 28 کے موقع پر ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر گفتگو کی، دونوں رہنماؤں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں سربراہان نے اس سال دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد اور دی ہیگ میں منعقد ہونے والی تقریبات کو سراہا، وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور نیدر لینڈز کو باہمی دلچسپی کے امور پر دوطرفہ اور یورپی یونین کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے فنڈز کا استعمال میرٹ پر ہونا چاہئے: نگران وزیراعظم

انہوں نے ڈچ کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں اضافے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نگراں وزیر اعظم نے کاپ 28 کے حوالے سے بہتر نتائج کی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کم کاربن خارج کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا شکار ہے، اس موقع پر وزیراعظم کاکڑ نے نیدرلینڈز کے وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔