کراچی: (دنیا نیوز) رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر تاج حیدر نے نواز شریف کے دعوے پر ردعمل میں کہا کہ تھر کول کے حوالے سے نواز شریف کا دعویٰ سن کر تعجب ہوا۔
تاج حیدر نے کہا کہ تعجب اس بات پر ہے کہ نوازشریف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں، تھر کول منصوبے کی پہلی سمری پر میرے دستخط ہیں، تھرکول کا سنگ بنیاد بینظیر بھٹو نے رکھا تھا، نواز شریف تھرکول منصوبے کو نہ روکتے تو 20 سال پہلے منصوبہ مکمل ہو چکا ہوتا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ تھر کول سے بجلی کی پیداوار بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے آئین کے آرٹیکل 172 کے تحت صوبے کو تھر کول منصوبے پر کام کرنے کا اختیار دیا تھا، نوازشریف تھر پہنچ کر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے پوچھتے رہے کوئلہ کہاں ہے۔
تاج حیدر نے کہا کہ سید قائم علی شاہ نے جواب دیا 120 فٹ نیچے ہے، سید قائم علی شاہ کا جواب سن کر نوازشریف نے تھر کول منصوبے کو سرد خانے میں پھینک دیا تھا، تھر کول منصوبے پر وفاق کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، تھر کول منصوبے کی کامیابی صدر آصف علی زرداری کی مرہون منت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف تھر کول سے دور رہیں تو بہتر ہے۔