اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا دورہ کوئٹہ، پاکستان میں دہشت گردی سے نمٹنے اور سکیورٹی کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے دورہ کوئٹہ کے دوران پاکستانی عوام کی سکیورٹی کیلئے چار اہم اقدامات کا اعلان کیا جس کے مطابق پاکستان میں قانون نافذ کرنیوالے ادارں کی استعداد بڑھائی جائے گی۔
امریکی سفیر نے کہا کہ انسداد دہشتگردی فورس کی تربیت کے لیے 40 لاکھ ڈالرز کا امدادی پیکیج دیا جائے گا، زیر تربیت اضافی 800 افراد کی تعلیم و تربیت کے لئے مالی تعاون فراہم کیا جائیگا۔
سیلاب میں تباہ شدہ 10 تھانوں کی مرمت و اپ گریڈیشن کیلئے 20 لاکھ ڈالرز کی رقم مختص کی گئی، پولیس سٹیشنز کو فراہم کردہ سہولیات میں جدید طرز کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہے، صنفی مسائل کے حل کیلئے ڈیسک بھی قائم کیا جائے گا۔
10 نئے پولیس سٹیشنز کی تعمیر کے لیے اضافی 20 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جدید آلات اور ساز و سامان کے لیے بھی ڈھائی لاکھ ڈالرز کی گرانٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسٹیٹس بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس کے تعاون سے تمام منصوبہ جات کیلئے فنڈز کا اجراء اور ان پر عملدرآمد کیا جائیگا، آئی این ایل کی جانب سے اس وقت پاکستان بھر میں تقریباً دو کروڑ ڈالرز کی مالی اعانت جاری ہے۔
— Saadullah Akhter (@saadiakhter) November 20, 2023
دورہ کوئٹہ کے دوران امریکی سفیر بلوم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی سے بھی ملاقات کی، بات چیت میں امریکی امدادی پروگراموں سمیت متعدد موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بلوچستان سمیت پاکستان کے تمام حصوں کی اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاک امریکا مشترکہ کاوشوں نے پاکستانی عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیساتھ پاکستان کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔