لاہور: (دنیا نیوز) حکومتی اعلان کے باوجود لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں شہریوں نے ماسک کے استعمال کا حکم ہوا میں اڑا دیا۔
گزشتہ روز پنجاب حکومت نے بڑھتی ہوئی سموگ سے بچاؤ کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ایک ہفتے کے لئے ماسک کا استعمال یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے تھے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے باوجود سرکاری و نجی دفاتر، سکولز، مارکیٹس، لاری اڈوں پر شہریوں نے ماسک کا استعمال نہ کیا، ماسک پہننے کی پابندی سے اکثر شہری لاعلم نکلے۔
ضلعی انتظامیہ بھی ماسک کا استعمال یقینی بنانے میں ناکام رہی، حکومت نے احکامات تو جاری کر دیئے لیکن ماسک کی افادیت سے آگہی کے سلسلے میں کوئی اقدامات نہ کئے گئے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس ماسک پہننے کی ایک ہفتے کی حکومتی پابندی پر عمل کر کےعوام خود کو سموگ کے مضر اثرات اور دیگر کئی بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔