بلاول بھٹو زرداری آج نوشہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے

Published On 20 November,2023 10:44 am

نوشہرہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج نوشہرہ کا دورہ کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نوشہرہ خٹک باغ میں دوپہر 2 بجے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جلسہ کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہے، 20 فٹ اونچا، 40 فٹ چوڑا اور 60 فٹ لمبا سٹیج تیار کیا گیا ہے، جلسہ گاہ میں تقریباً 8 ہزار کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔

گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھٹوازم کا مطلب پاکستان کے عوام کی خدمت کرنا ہے، امیر اور اشرافیہ کی نہیں بلکہ اس ملک کے مزدوروں، کسانوں اور محنت کشوں کی خدمت کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نظریئے اور اصولوں کی خاطر جدوجہد کرتے ہیں اور اگر اس جدوجہد میں سزائے موت بھی دی جائے تو ہم اپنے اصولوں اور نظریئے سے پیچھے نہیں ہٹتے۔