کراچی: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے صدر محمود مولوی نے کہا کہ آصف زرداری کو الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے، آصف زرداری کے بیان کے بعد ملکی معیشت میں استحکام آئے گا۔
مولوی محمود نے کہا کہ ملک میں استحکام عوام کے فائدے میں ہوتا ہے، آصف زرداری نے ہمیشہ ملک کو بچایا ہے، ہر سیاسی جماعت کو اپنی اپنی سیاسی پختگی دکھانی ہوگی، کچھ عناصر پراپیگنڈا کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، کچھ عناصر الیکشن نہ ہونے کے بیان دیکر ملک کا فائدہ نہیں چاہتے، ہر دور میں ہوتا ہے کہ کچھ لوگ اپنا رونا روتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور انکے صاحبزادے کی سیاسی نظر میں بڑا فرق ہے، آصف زردای کی بات بہت خوش آئند ہے، عوام کیلئے مہنگائی کم ہوگی، آصف زرداری نے اپنے مشکل وقت میں بھی کہا تھا پاکستان کھپے، لوگوں نے اس وقت پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دینا، پی ٹی آئی کے بہت زیادہ ووٹ کٹ جائیں گے۔
محمود مولوی نے کہا کہ الیکشن ہونے سے ملک استحکام اور خوشحالی کی طرف جائے گا، الیکشن سوشل میڈیا پر نہیں ہوتے، سچائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔