سارہ انعام قتل کیس کے حتمی ثبوت عدالت میں پیش

Published On 16 November,2023 06:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سارہ انعام قتل کیس میں مدعی مقدمہ کے وکیل نے حتمی ثبوت عدالت کے سامنے پیش کر دیے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے سارہ انعام قتل کیس کی سماعت کی جس میں مدعی مقدمہ کے وکیل راؤ عبدالرحیم نے حتمی دلائل دیے، گزشتہ روز وکیل مدعی کے دلائل مکمل نہ ہو سکے تھے۔

وکیل راؤ عبدالرحیم نے عدالت کو بتایا کہ فرانزک رپورٹ کے مطابق ملزم کے موبائل سے دو تصاویر ملیں جن میں سے ایک تصویر مقتولہ کی تھی، تصویر میں مقتولہ کی ڈیڈ باڈی کمرے میں تھی اور اس پر چادر پڑی تھی۔

وکیل مدعی نے بتایا کہ آلہ قتل ڈمبل بھی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے، مدعی مقدمہ کے وکیل کے عدالت میں حتمی ثبوت پیش کرنے کے بعد پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے حتمی دلائل دیے۔

دوران سماعت مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو عدالت پیش کیا گیا، اس موقع پر مقتولہ سارہ انعام کے والد انعام الرحیم اور شریک ملزمہ ثمینہ شاہ بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

پراسیکیوٹر نے مزید ثبوت پیش کرنے کیلئے 20 منٹ کا وقت دینے کی استدعا کی جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔