طوفان الاقصیٰ آپریشن سے اسرائیل کا غرور خاک میں مل گیا، اب نیست و نابود ہوگا: ایرانی سفیر

Published On 28 October,2023 07:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن سے اسرائیل کا غرور خاک میں مل گیا اب نیست و نابود ہو جائے گا۔

ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے آزادی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے عالم اسلام کے غیورعوام اسرائیلی ظلم وبربریت کے خلاف کھڑے ہیں، ہمیشہ فلسطینیوں کے لئے آواز اٹھائی، اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں لگی آگ کو امریکا تک پہنچنے میں دیر نہیں لگے گی: ایرانی وزیر خارجہ

رضا امیری مقدم نے کہا کہ یہ جنگ اسلام اور کفر کے درمیان ہے، یہودیوں کی تاریخ پڑھیں تو یہ صدیوں سے اسلام کے دشمن ہیں، انکی دشمنی عیاں ہے، اسرائیل غزہ اور جنوبی لبنان سے بھاگ رہا ہے، فلسطین کا مسئلہ اسلام کا مسئلہ ہے، ایران فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے، ہر مدد کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے، طوفان الاقصیٰ کے بعد یورپی ممالک کے سفراء اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ اب اسرائیل ختم ہونے والا ہے، امریکی اور یورپی عوام فلسطینیوں کے حق میں نکل آئے ہیں جبکہ وہاں کے حکمران اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں۔