پراسیکیوٹر جنرل نیب کو تنخواہ، مراعات سپریم کورٹ کے جج کے برابر دینے کی سفارش

Published On 24 October,2023 08:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت قانون و انصاف نے پراسیکیوٹر جنرل نیب اور ڈپٹی چیئرمین نیب کی تعیناتی کی تفصیلات جاری کر دیں۔

وزارت قانون و انصاف نے پراسیکیوٹر جنرل نیب احتشام قادر شاہ اور ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر کی تعیناتی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تنخواہ و مراعات سپریم کورٹ کے جج کے برابر ہوں گی، وزارت قانون نے سید احتشام قادر کو سپریم کورٹ جج کے مساوی مراعات دینے کی سفارش کر دی۔

وزارت قانون کی سفارشات کے مطابق سپریم کورٹ جج کی مراعات کے علاوہ پراسیکیوٹر جنرل نیب کو دیگر مراعات دی جائیں، پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تنخواہ و مراعات کیلئے وزارت خزانہ کی رضا مندی لازمی ہے، وزارت خزانہ پراسیکیوٹر جنرل نیب کی مراعات کیلئے کابینہ سے منظوری لے۔

وفاقی کابینہ نے 11 اکتوبر کو سید احتشام قادر شاہ کی بطور پراسیکیوٹر جنرل نیب تعیناتی کی منظوری دی تھی، وزارت قانون نے ڈپٹی چیئرمین نیب کی تنخواہ اور مراعات ہائیکورٹ کے جج کے برابر کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔