کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا کہ روشنیوں کے شہر کراچی کو دہشتگردی میں دھکیلنے والی ایم کیو ایم ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کی سیاست کا مردہ گھوڑا ہے، بوری بند لاشوں اور بھتہ خوری کو ایم کیو ایم نے اپنی ’شناخت‘ مانا ہے، ایم کیو ایم پاکستان شدید اندرونی انتشار کا شکار ہے، ایم کیو ایم کو پی ایس پی مافیا نے ہائی جیک کرلیا ہے، کراچی کے ضمنی انتخابات کے نتائج نے ایم کیو ایم کو بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے پر مجبور کیا۔
پیپلزپارٹی کراچی کے صدر نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم ایک مرتبہ پھر دہشت گردی اور دھاندلی کے ذریعے کراچی میں الیکشن جیتنے کے خواب دیکھ رہی ہے، ایم کیو ایم پارٹی چھوڑنے والے کارکنوں کو دھمکیاں دے کر واپس آنے کا دباؤ ڈال رہی ہے، اب کراچی میں ایم کیو ایم کی کوئی ڈرامے بازی نہیں چلے گی۔