لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مینار پاکستان کا جلسہ تاریخی اور قائد میاں محمد نواز شریف کی تقریر پاکستان کے روشن، پُرامن اور معاشی مستقبل کی نوید ہوگی۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان کے زیر صدارت پنجاب کے تنظیمی عہدیداران، ڈویژنل صدور اور کوآرڈی نیٹرز کی اہم زوم میٹنگ ہوئی، میٹنگ میں قائد میاں محمد نواز شریف کی 21 اکتوبر کی وطن واپسی کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں تمام تنظیمی عہدیداران اور کوآرڈی نیٹرز کی طرف سے تیاریوں پر پیش کی جانے والی رپورٹس پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عوام نواز شریف کو آخری امید کے طور پر دیکھ رہے ہیں: ن لیگ
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پنجاب کے طول و عرض میں اس وقت میاں نوازشریف کی واپسی ہی ایک اہم ایونٹ ہے اور پوری قوم اس کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ کبھی بھلایا نہ جانے والا واقعہ ہوگا اور ہر جلسے کا ریکارڈ توڑ دے گا، اس وقت پاکستان کا ہر غریب قائد کی واپسی میں اپنے حالات کو بدلنے کی امید کی طرح دیکھتا ہے۔