خیبر: غیر قانونی سموں کا اجراء روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذ

Published On 13 October,2023 11:38 pm

خیبر: (دنیا نیوز) ڈپٹی کمشنر خیبر عبد الناصر خان نے موبائل سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام کیلئے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔

انتظامیہ نے ضلع خیبر میں متعلقہ کمپنیوں کی اجازت کے بغیر غیر مجاز افراد کے سم کارڈز فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی، تمام غیر مجاز سم کارڈز اور رجسٹریشن میں استعمال ہونے والے آلات کو سرکاری تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئیں۔

یہ اقدام غیر مجاز افراد کی جانب سے سادہ لوح افراد کے انگوٹھوں کے نشانات کو غلط استعمال سے روکنے کیلئے اٹھایا گیا ہے، دفعہ 144 فوری طور پر نافذ العمل ہوگی جو کہ 2 مہینوں کیلئے برقرار رہے گی۔

خلاف ورزی پر ضلعی پولیس تعزیرات پاکستان کے سیکشن 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائے گی، سربراہ ضلعی پولیس اور تمام انتظامی افسران کو ضروری کارروائی کیلئے مراسلہ جاری کر دیا گیا۔