لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ ملک و قوم کو زخم لگتے ہیں اور ہر بار نوازشریف آکر مرہم رکھتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 126 اور این اے 130 کی یونین کونسلوں کے چئیرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں نے ملاقات کی، مریم نواز نے یونین کونسلوں کے نمائندوں، کارکنوں اور پارٹی رہنماؤں سے 21 اکتوبر کی تیاریوں پر مشاورت کی۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی واپسی سے صرف آئین شکن پریشان ہیں: مریم نواز
ملاقات میں قائد محمد نوازشریف کی وطن واپسی پر استقبال کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز نے کہا نوازشریف نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا تھا، بین الاقوامی اور داخلی مسائل میں گھرے پاکستان کو بچایا تھا، پاکستان کو دنیا کا ساتواں اور اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی ملک بنایا۔
چیف آرگنائزر نے مزید کہا نوازشریف کو دھمکی اور لالچ دی گئی لیکن انہوں نے پاکستان کے دفاع اور وقار پر سمجھوتہ نہ کیا، نوازشریف نے کہا تھا کہ پاکستانی آزاد ہیں اور آزاد رہیں گے، ہمیں غلامی کی زندگی قبول نہیں، پاکستان اور عوام کے حق کے لئے کھڑا ہونا نوازشریف کی روایت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے عوام نواز شریف کا استقبال کرنے کے لیے بے تاب ہیں: مریم نواز
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ مشکلات میں گھرے پاکستان کو آج پھر نوازشریف کی ضرورت ہے، سب خراب ہونے کے بعد اب سب ٹھیک کرنے کے لئے نوازشریف کی ضرورت ہے، ملک وقوم سے وعدے نبھانا اور مشکلات سے نکالنا ہی نوازشریف کی روایت ہے، نوازشریف نے پاکستان کے وقار اور قومی مفادات کے تحفظ کی جنگ لڑی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا نوازشریف ایک بار پھر عوام اور ملک کو بچانے واپس آرہا ہے، ایٹمی قوت پاکستان کو معاشی قوت بنائیں گے، یہی ایجنڈا پورا کرنے نوازشریف آرہا ہے، پاکستان کے دفاع پر سمجھوتہ نہ کرنے والا نوازشریف قوم کو معاشی قوت بنائے گا، عوام نوازشریف کو دوتہائی ووٹ دیں، نوازشریف آپ کو مہنگائی سے نجات دلائے گا۔
ن لیگ کی چیف آرگنائزر نے کہا عوام نوازشریف کا ساتھ دیں کیونکہ ہمیشہ نوازشریف نے عوام کا ساتھ دیا ہے، ملاقات میں سابق ٹکٹ ہولڈر مہر اشتیاق، خواجہ احمد حسان ، حافظ میاں نعمان، سید توصیف شاہ، سابق صوبائی ممبر رانا مشہود اور چودھری باقر حسین شریک ہوئے۔