لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے لاہور میں جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی کا ہنگامی دورہ کیا اور وہاں موجود علاج معالجے کی سہولیات کا جائزہ لیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے دورے کے دوران تقریباً آدھے گھنٹے تک ایمرجنسی کا معائنہ کیا، محسن رضا نقوی نے وارڈز اور ایکسرے روم کا بھی معائنہ کیا، ایمرجنسی کی سی ٹی سکین مشین خراب ہونے پر وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا۔
محسن رضا نقوی نے مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کر کے علاج معالجے کی سہولتوں اور مفت ادویات کے بارے دریافت کیا، بعض مریضوں اور تیمارداروں نے ڈاکٹرز کی جانب سے چیک اپ میں تاخیر کے بارے میں شکایات کیں، نگران وزیر اعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کی شکایات کے فی الفور ازالے اور بروقت چیک اپ کا حکم دیا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز سے مصافحہ کیا اور دکھی انسانیت کی خدمت پر شاباش دی۔