لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں درج دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کے وکلا کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی 9 مئی کے واقعات پر دو مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔
ملزمان پر گلبرگ میں پولیس پر پیٹرول بم پھینکے اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کا الزام ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید نے جیل سے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی جانب سے رانا مدثر ایڈووکیٹ پیش ہوئے، عدالت نے ملزمان کے وکلا کو آئندہ سماعت پر دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کر دی۔