اسلام آباد: (دنیانیوز) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کی جڑوں میں شامل ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی 11 اگست کی تقریر میں اقلیتوں کے حقوق کی بھرپور طریقے سے وضاحت کر دی تھی کہ تمام پاکستانی برابر ہیں اور مساوات کا فروغ انتہا پسندی کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار ہے۔
انٹرنیشنل پیس فیسٹیول 2023ءسے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج سے 22 سال قبل 2001ءمیں اقوام متحدہ نے عالمی یوم امن منانے کا اعلان کیا، 2023ءمیں عالمی انسانی حقوق کنونشن کے 75 سال بھی مکمل ہو رہے ہیں جو ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیکٹا نے اپنے آغاز سے لے کر اب تک ملک کے اندر انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے اور امن دشمن عوامل پر غور کیا، امن دشمن محرکات میں ایک اہم عنصر انتہا پسندی ہے، پرتشدد انتہا پسندی دہشت گردی کو جنم دیتی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ اسلام انسانیت سے حسن سلوک کا درس دیتا ہے جبکہ انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد ہماری اقدار میں شامل ہے ، پاکستان کی طاقت ہمارا تنوع ہے اور امن دشمن عناصر ہماری اس طاقت کو کمزوری میں بدلنا چاہتے ہیں۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاست سے وفاداری کا تقاضا ہے کہ کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ رکھا جائے، ریاست کے تمام شہریوں کو برابر حقوق حاصل ہیں ، ہمیں تعصبات کو ختم کرنا ہوگا، اسی جذبے سے پاکستان کی طاقت کھل کر سامنے آئے گی اور کوئی اس ملک کو کمزور نہیں کر سکے گا۔