لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف لندن روانہ ہوگئے۔
سابق وزیراعظم پارٹی قائد نواز شریف کیلئے ایک اہم پیغام لے کر لندن جا رہے ہیں، شہباز شریف براستہ قطر جمعرات کی شب لندن پہنچیں گے، نوازشریف نے اہم مشاورت کیلئے شہباز شریف کو دوبارہ لندن طلب کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز شہباز شریف کی نواز شریف سے اہم ملاقات متوقع ہے، ملاقات میں نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی، انتخابات کی تیاریوں سمیت دیگر امور پر اہم مشاورت ہوگی۔
پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف پارٹی قائد نواز شریف کے بلانے پر لندن جا رہے ہیں، وہ لندن میں نواز شریف سے مشاورت کریں گے اور جلد وطن واپس آئیں گے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف پاکستان میں دو روز قیام کے بعد دوبارہ لندن روانہ ہوئے، سابق وزیراعظم نے لندن میں ایک ماہ قیام کیا تھا۔
خیال رہے اس سے قبل مریم نواز بھی علی الصبح لندن کیلئے روانہ ہوئی ہیں، مریم نواز براستہ دبئی لندن پہنچیں گی اور وہاں ایک ہفتہ قیام کریں گی۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف اپنی رہائش گاہ جاتی امرا سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں جہاں سے وہ براستہ دبئی برطانیہ روانہ ہوئی ہیں، مریم نواز کے ساتھ ان کی چھوٹی بیٹی بھی لندن روانہ ہوئی ہیں۔