اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
بشریٰ بی بی وکلاء سلمان صفدر، انتظار پنجوتھا اور نعیم پنجوتھا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان دیا کہ انہیں سابق خاتون اول کی گرفتاری مطلوب ہے۔
تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی آڈیو فرانزک کیلئے ایف آئی اے کو بھیجی ہوئی ہے۔
وکیل صفائی نے کہا کہ 3 گھنٹے بلایا جاتا ہے اور بٹھائے رکھتے ہیں، تفتیش کے دوران بتایا بھی گیا کہ مذکورہ آڈیو بشریٰ بی بی کی نہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ معاملہ رسیدوں کا ہے تو آڈیو کہاں سے آگئی؟ ایف آئی آر کے مطابق کیس کو لے کر چلیں۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ عدالت سے استدعا ہے کہ بشریٰ بی بی کی وائس میچنگ کے لئے وقت دیا جائے، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کر لی۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کی 12 ستمبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔