کراچی: (دنیانیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پرامن انتقال اقتدار ہماری اولین ترجیح ہے ۔
کراچی میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے معروف کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بے روزگاری، مہنگائی اورخوراک کی کمی کا سامنا ہے ، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں تاجر برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل خدمت اور عبادت ہے ، تاجر برادری ملک میں فنی تربیت کے فروغ میں کردار اداکرے، ہر ممکن کوشش کریں گے کہ تاجروں کے مسائل حل ہوں، ہم کاروباری طبقے کو سنیں گے ، کاروباری طبقہ حکومت، ریاست کو سنے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان قیمتی معدنیات اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، ہمارے پاس 6ٹریلین ڈالرز کےمعدنی ذخائر ہیں،25کروڑ لوگ مایوس ہیں ، انسانی وسائل سے آنے والا زرمبادلہ ملکی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ مایوس ہیں اور کہتے ہیں ملک چھوڑ کر جارہے ہیں، ہم کیوں ہر چیز کو منفی انداز میں لے رہے ہیں؟
نگران وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار کرنے والے لوگ ہمیشہ محترم ہوتے ہیں، ہمارے نبیﷺ تاجر تھے، انسان کو جو نعمتیں ملتی ہیں وہ فرد واحد کے لیے نہیں ہوتیں، نعمتیں شیئر کرنے کے لیے ہوتی ہیں، کمانا ہدف نہیں ہے، نعمتیں شیئر کرنا سنت ابراہیمی ہے۔
نگران وزیراعظم کا مزید کہناتھا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ہر وقت میسر ہوں، ہمیں نعروں سے سوالات کے جوابات نہیں ملیں گے، جوابات سنجیدہ انداز میں غوروفکر کے ساتھ مل سکتے ہیں، کہیں ہماری کوتاہیاں ہیں ہمیں وہ تسلیم کرنی ہوں گی، ہمیں قلیل اورطویل مدتی منصوبوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ بہت محدود ہے، نئے پارلیمان کے وجود تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے، نگران حکومت بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری اور شفاف انتخابات کیلئے اقدامات کررہی ہے۔