کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے حوالے سے کہا ہے کہ لوگ پرامن رہیں، اگر قانون کو ہاتھ میں لیا تو سختی سے نمٹا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد کی صورت حال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی شرجیل میمن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پینک پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی اب صرف سوشل میڈیا کی پارٹی بن کررہ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اگر سمجھتے ہیں کہ بے قصور ہیں تو اعلیٰ عدالتوں میں جائے، شاہ محمود قریشی کی آج پرانی خواہش پوری ہوئی ہے، یہ وہی سابق وزیراعظم ہے جو مخالفین کوچور، ڈاکو کہتا تھا،اس نے اپنے تمام مخالفین کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آمرانہ، فرعون والی سوچ تھی، توشہ خانہ کیس میں جج صاحب نےصفائی کا پورا موقع دیا، یہ کیس پر التوا پر التوا لیتے رہے، جتنا ریلیف اس کو ملا آج تک کسی کو نہیں ملا، عید کی رات فریال تالپورکو توہین آمیز اندازسے گرفتار کیا گیا تھا، ہم نہیں چاہیں گے کہ کسی کی اہلیہ کو اس انداز سے گرفتار کیا جائے۔
رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس پر پٹرول بموں سےحملے کیے گئے، نوازشریف، مریم نواز، شہباز شریف، فریال تالپور، آصف زرداری سب گرفتار ہوئے، کسی کی گرفتاری پر پٹرول بم نہیں پھینکے گئے تھے، زمان پارک کے اندرسے پٹرول بم پھینکے گئے، ہمارا قانون کیوں اسے رعایتیں دے رہا تھا، چند لوگوں کا یہ شخص آج بھی لاڈلہ بنا ہوا ہے۔