اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو(نیب) نے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو آج طلب کر لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو بطور ملزم آج ساڑھے 11 بجے نیب دفتر راولپنڈی پیشی کی ہدایت کی گئی ہے، نیب نے زمان پارک اور بنی گالہ قیام گاہوں کی تزئین و آرائش کے اخراجات کی رسیدیں طلب کی ہیں۔
نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کو القادر ٹرسٹ سے متعلق دستاویزات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کو بنی گالہ اور زمان پارک کے ایڈریس پر طلبی کے سمن جاری کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے بھی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کو پانچ مقدمات میں آج طلب کر لیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کو تھانہ ترنول میں درج دو مقدمات ، تھانہ کراچی کمپنی میں دو اور تھانہ کوہسار میں درج ایک مقدمہ میں طلب کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شامل تفتیش ہو کر اپنا موقف پیش کریں اور مقدمہ سے متعلق شواہد بھی فراہم کریں۔