رانا ثنا اللہ کی عراقی صدر اور وزیر داخلہ سے ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published On 02 August,2023 09:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سرکاری دورے پر عراق پہنچ گئے، عراقی وزیر داخلہ عبدالامیر الشماری، سفیراحمد امجد علی اور دیگر افسران نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا استقبال کیا۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے عراقی صدر ڈاکٹر عبدالطیف رشید سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت، دفاع اور آئی ٹی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

عراقی صدر ڈاکٹر عبدالطیف رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوج بہترین صلاحیتوں کی حامل ہے اور پاکستانی فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے دہشت گردی کا سامنا کیا اور اس کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، پاکستان کی وزار ت داخلہ عراقی وزارت داخلہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی خواہاں ہے۔

علاوہ ازیں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے عراقی ہم منصب عبدالامیر الشماری سے بھی ملاقات کی، وزیر داخلہ نے شاندار مہمان نوازی پر عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا، اس دوران عراق کی جانب سے پاکستانی زائرین کا کوٹہ 50 ہزار سے ایک لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستانی زائرین کو گروپ ویزہ کے علاوہ پاکستان میں عراقی سفارتخانے سے انفرادی ویزہ جاری کرنے کی منظوری دی گئی، عراقی وزیر داخلہ نے پاکستانیوں کیلئے ویزہ فیس میں کمی کی بھی یقین دہانی کروائی، رانا ثناء اللہ نے زائرین کو سہولیات کی فراہمی پر عراقی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عراق کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے، دہشت گردی کا شکار عراق کی تعمیر نو کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، عراق پاکستان کے اداروں کی انسداد دہشتگردی میں مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

عراقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پولیس اکیڈمی فرانزک میں عراقی افسران اور کیڈٹس کی تربیت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔