پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کی شرکت پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع نے اپنے بیان میں کہا کہ نگران وزیر کی جلسے میں شرکت جانبدار ہونے کا ثبوت ہے، نگران حکومت کی غیر جانبداری اب ختم ہو چکی، الیکشن کمیشن کی خاموشی سے واضح ہوتا ہے کہ وہ بھی ان جماعتوں کو سپورٹ کر رہا ہے۔
عبدالواسع نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی غیر جانبداری واضح کرے، نگران حکومت میں جن لوگوں کو الیکشن کا شوق ہے وہ میدان میں نکلیں اور وہاں مقابلہ کریں، حکومتی مراعات اور وزارت کو استعمال کرتے ہوئے نگران وزراء سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کے جلسے سے خطاب کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع نے کہا کہ نگران حکومت پہلے ہی صوبے میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے حوالے سے بدنام ہے، نگران حکومت نگرانی کے بجائے ہر جگہ ہاتھ ڈالے ہوئے ہے، خیبرپختونخوا کی نگران حکومت میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ نگران وزراء دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار میں مصروف ہیں، اب نگران وزراء سیاسی پارٹیوں کیلئے جلسے بھی منعقد کرنے لگے ہیں، نگران حکومت نے آئین، قانون اور اخلاقیات کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔