چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا: حمزہ شہباز شریف

Published On 16 July,2023 04:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے ملک معاشی مشکلات کا شکار ہوا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو ملک ڈیفالٹ کر سکتا تھا، حکومت کی کوشش رہی کہ ملک ڈیفالٹ نہ کرے، اگر وزیر اعظم آئی ایم ایف ایم ڈی سے ملاقات نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا، ہماری حکومت نے 15 ماہ سابق حکومت کی غلطیاں سدھارنے کی کوشش کی۔

حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جاتے ہوئے پٹرول سستا کر کے آئی ایم ایف معاہدہ توڑا، انہوں نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کیا، ملک اس وقت بہت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو معاشی پالیسیوں کے تسلسل کا معاہدہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ عوام مہنگائی کا سامنا نہیں کر رہے ہیں، سب اچھا کہنا عوام کے دکھوں سے انصاف نہیں ہو گا، بطور سیاسی ورکر سمجھتا ہوں الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر کے جائے گی، مدت ختم ہونے پر حکومت چھوڑ دیں گے تو نگران سیٹ اپ آئے گا، آئین و جمہوریت کو آگے لیکر جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نے کہا کہ ملک کا مستقبل شفاف انتخابات میں ہے، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا یہ اس کی ذمہ داری ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں اور سیاست ہے، کاشتکار خوشحال ہو گا تو ملک ترقی کرے گا، نو مئی کو شہدا کی بے حرمتی کی گئی، یادگاروں کو توڑا گیا، ریاستی اداروں پر حملہ کیا گیا، ایسے مجرمانہ عمل تب رکیں گے جب ملزمان کو قرار واقعی سزا ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ دیامر میں سیاحوں کی بس کھائی میں گر گئی جس کی وجہ سے کچھ لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے، اللہ حادثے میں جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے۔