شہباز شریف کی ماحولیات کیلئے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی سے ملاقات

Published On 22 June,2023 07:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ماحولیات کیلئے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اور سابق وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی۔

دونوں قائدین کی ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، وزیراعظم شہبازشریف اور جان کیری نے ایک دوسرے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، شہبازشریف نے ماحولیات کے مسئلے پر جان کیری اور امریکی حکومت کی ترجیحات کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ سے ترقی پذیر ممالک کی مدد کی جائے، شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے جس کے لئے مشترکہ حکمت عملی اور کوششیں درکار ہیں، جان کیری کو ماحولیات کیلئے پہلی بار امریکی صدر کا نمائندہ خصوصی مقرر کرنا اس مسئلہ کی اہمیت کا ادراک ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کی ترقی اور شرح نمو کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، شدید معاشی مشکلات میں اکتوبر 2022ء میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے مسائل کا حل مزید مشکل بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیر ممالک کی شرح نمو پر پڑنے والے منفی اثرات سے نکلنے میں مدد کیلئے خصوصی کردار ادا کریں، کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے بعد وسائل کی فراہمی کے وعدوں کو عملی شکل دینا اہم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس سربراہی کانفرنس ترقی پذیر ممالک کے لئے امید کا پیغام ہے، ترقی پذیر ممالک کو وسائل کی فراہمی کیلئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاح ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

جان کیری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے سے ترقی پذیر ممالک کے لئے خطرات میں اضافے سے اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ کوششوں کے لئے رابطے برقرار رکھنے اور مشاورت سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔