باکو : (دنیانیوز) وزیراعظم شہبازشریف اور صدر آذربائیجان کے درمیان ملاقات میں شعبہ تجارت و توانائی سمیت دوطرفہ تعاون اور تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیاگیا ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف اور صدر آذربائیجان کے درمیان ملاقات کے بعد باکو میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ صدر آذربائیجان کے وژن سے متاثر ہوں، دو طرفہ تعلقات کے فروغ کو اہمیت دیتے ہیں، آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، آذربائیجان سے تعلقات کے فروغ کو اہم سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باکو سے اسلام آباد کے لیے پروازیں شروع ہورہی ہیں جبکہ آذربائیجان کے ساتھ باسمتی چاول کی تجارت بڑھائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ روس یوکرین تنازع کے باعث عالمی سطح پر اشیا کی قیمتیں بڑھ گئیں، عالمی مہنگائی کی وجہ سے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان توانائی بحران کا شکار ہے اس لئے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام 7دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی بربریت کا شکار ہیں، آذربائیجان نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے، امید ہے جلد مقبوضہ وادی کے عوام کو حق خود ارادیت حاصل ہوگی۔
اس موقع پر صدر آذر بائیجان نے کہا کہ پاکستان سے باہمی تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ملکوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کےمواقع موجود ہیں، عوام کی بہتری کیلئے مل کر کام کریں گے، دفاعی صلاحیتوں کیلئے مشترکہ فوجی مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ تعلیم، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان پروازوں میں اضافہ کریں گے ۔
صدر آذر بائیجان نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کے آذربائیجان کے دورے پر مشکور ہوں ۔