اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جعلی کاغذ لہرا کر کہا جاتا رہا سائفر آیا ہے اور یہ ایک امپورٹڈ حکومت ہے، حقائق نے اس جھوٹے پروپیگنڈے کو زمین بوس کردیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کے وقار کو خاک میں ملانے کی کوشش کی، لوگوں کی جھوٹی ذہن سازی کی جا رہی تھی، قوم کو کہا گیا میری حکومت امریکا سے ہٹوائی گئی ہے۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) June 14, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ روس سے 1 لاکھ ٹن خام تیل آیا ہے، روسی تیل کا پہلا جہاز کراچی آچکا ہے، انہوں نے روس سے ایک دمڑی کی چیز بھی نہیں منگوائی تھی، لوگ پوچھتے ہیں روسی تیل کی کیا خصوصیت ہے، روس کے تیل کی قیمت عالمی تیل کی قیمت سے کم ہے، روس کا تیل عالمی منڈی سے کم از کم 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔
— PTV News (@PTVNewsOfficial) June 14, 2023
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت زرمبادلہ کی ضرورت ہے، عوامی بجٹ دینے پر اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جب تک کسی ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوتا معاشی استحکام نہیں آسکتا، جب کسی ملک میں دن رات جھوٹا پروپیگنڈا ہوگا تو کون وہاں سرمایہ کاری کرے گا؟، گزشتہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی سمندری طوفان کے پیش نظر حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑا گیا ہمیں اس کا بہت زیادہ نقصان ہوا، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو جائے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کرلی ہیں، ہم آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اگر میرے خلاف بھی کوئی کرپشن کا ثبوت ہے تو لے کر آئیں، جھوٹے الزامات لگانا مناسب نہیں ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے پوری اپوزیشن کو دیوار سے لگا دیا تھا، پونے 4 سال ان کو کسی کے خلاف کرپشن کا ثبوت نہ ملا، اگر کرپشن کے ثبوت نہیں ہیں تو منہ بند رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ 24-2023 نوجوان کی ترقی کاروبار، روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کا کپتان ایک ہوتا ہے، جب تک 10 کھلاڑی کپتان کے ساتھ محنت نہ کریں ٹیم کامیاب نہیں ہوسکتی، کسی بھی ٹیم کی کامیابی ٹیم ورک ہے، گزشتہ حکومت نے ترکیہ سے تعلقات خراب کیے، ہمیں اربوں ڈالرز کی گندم امپورٹ کرنی پڑی، گزشتہ حکومت میں گندم کی مقدار میں کمی ہوگئی تھی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان بچوں کو قرضے دینے کیلئے اربوں روپے رکھے گئے ہیں، دیہاتوں میں زرعی قرضے فراہم کیے جائیں گے، نوجوان نسل ہی پاکستان کی کامیابی کی ضمانت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کہتے تھے یہ لیپ ٹاپس نہیں رشوت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے گزشتہ دور میں نوجوانوں کو گمراہ کیا، نوجوانوں کو 1 لاکھ لیپ ٹاپس دینے کا پروگرام دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔