لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے ملاقات کی، مریم نواز نے نواز شریف کا پیغام وزیر اعظم کو پہنچایا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والی سیاسی جماعت کی پالیسیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے، پارٹی کا بیانیہ نوجوانوں کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے۔
نواز شریف نے انتخابی منشور کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کیلئے آسان قرضے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا لائحہ عمل بیانیے میں شامل کیا جائے۔
ملاقات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز بھی موجود تھے، اس دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا اور آئندہ انتخابات کیلئے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابی ٹکٹوں کے حوالے سے پارٹی کے صوبائی صدور سے رپورٹ طلب کر لی، بلوچستان اور سندھ میں انتخابی اتحاد کیے جانے کا امکان ہے۔