اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قزاقستان کے صدر قاسم قاسم جومارت توکایف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مختلف شعبو ں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پراتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلیفونک رابطہ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قزاقستان کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، سیاحت کے فروغ اور عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر اطمینان کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ آپریشن جلد شروع ہو جائے گا۔
قزاقستان کے صدر نے پاکستان کو خطے کا اہم ملک قرار دیتے ہوئے دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ، دونوں رہنماؤں نے توانائی ، زراعت ، آئی ٹی ، ٹیکسٹائل اور بجلی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پراتفاق کیا۔
وزیراعظم نے قزاقستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کےسرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔