ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کیا جارہا ہے : وزیرداخلہ

Published On 10 June,2023 02:55 pm

اسلام آباد : (ویب ڈیسک ) وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کی سہولت کا آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف شہروں میں واقع نادرا کے 30 دفاتر میں پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں پاسپورٹ سے متعلق سہولیات کے اجرا کے موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاسپورٹ دفاتر میں جائے بغیر ملک بھر میں کہیں سے بھی پاسپورٹ آن لائن تجدید کروایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پاسپورٹ دفاتر موجود نہیں وہاں نادرا کے دفاتر میں پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز (پی پی سی) قائم کیے جا رہے ہیں ، ای پاسپورٹ کی سہولت میں بائیو میٹرک ڈیٹا، ڈیجیٹل دستخط، اور انکرپشن جیسی جدید ترین سکیورٹی خصوصیات شامل ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ان اقدامات سے پاسپورٹ فراڈ اور شناخت کی چوری کے خطرات میں نمایاں کمی کے علاوہ پاسپورٹ سسٹم پر اعتماد کو تقویت ملے گی۔

ویب پورٹل کے ذریعے شہری اپنی درخواستیں جمع کرنے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ دستاویزات بھی اپ لوڈ کر سکیں گے اور اپنی درخواستوں کی پیشرفت کو ٹریک بھی کر سکیں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ موجودہ حکومت شہریوں کو سہولیات دینے کیلئے کوشاں ہے، ڈیجیٹل تبدیلی سے شہریوں کا وقت بچے گا۔