اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت پاکستان کی خراب معاشی صورتحال کی ذمہ دار ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف دور میں پاکستان خوشحالی کی طرف گامزن تھا، نواز شریف دور میں پاکستانی روپیہ مستحکم تھا، نواز شریف دور میں توانائی کے منصوبوں کو مکمل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی بجٹ:پنشن میں ساڑھے 17، تنخواہوں میں 35 فیصد تک اضافے کا اعلان
اسحاق ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور میں مہنگائی کی شرح 4 فیصد تھی، ان حالات میں منتخب حکومت کے خلاف سازش کے جال بچھا دیئے گئے، سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے آج پاکستان انتہائی خراب معاشی صورتحال سے گزر رہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مخلوط حکومت کے فیصلوں کے باعث ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا، اتحادی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج پاکستان تاریخ کے مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے، ہم نے سیاست نہیں ریاست بچاؤ پالیسی پرعمل کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں میں تاریخی قرضہ لیا گیا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا اور سازشی عناصر کو عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے سے روگردانی کی اور ملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا، ایسے اقدامات کیے جو آئی ایم ایف کی شرائط کے صریحاً خلاف تھے، گزشتہ حکومت نے نئی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھانے کا کام کیا۔
— National Assembly (@NAofPakistan) June 9, 2023
اسحاق ڈار نے مہنگائی کا مکمل ذمہ دار بھی پی ٹی آئی حکومت کو قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ عوام پہچان لے کس نے ملک کو تباہ کیا اور کس نے ملک کو بچایا، 9 مئی کو مسلح دہشت گرد جتھوں نے پاکستان کی ساکھ کے خلاف گھناؤنی سازش کی۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پہلی دفعہ دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، یہ گروہ کسی صورت نرمی کا حق دار نہیں، ایسے گروہ کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔