اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے سخت فیصلوں کے ذریعے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کے معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں، میرا ایمان ہے پاکستان نے ٹیک آف کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں مہنگائی کی شرح 76 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
اسحاق ڈار نے کہا کہ صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، مسائل پر جلد قابو پا لیں گے، پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے، ہم سب نے ان چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ہے، ہماری نیت نیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات کے ساتھ تھوڑی ٹھنڈی ہوائیں بھی آرہی ہیں، گزشتہ دو ہفتوں میں پٹرول کی قیمتوں کو کم کیا ہے، کئی شعبوں میں بہتری بھی آرہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روپے کی قدر میں بہتری، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ کمی
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 2013ء سے 2018ء کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں کو ضائع کر دیا گیا، کل ہم نے ایک اہم اقدام اٹھایا جس کا بڑا اچھا رزلٹ آیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ دو، تین ماہ سے صبح و شام ڈیفالٹ، ڈیفالٹ کا تماشا لگایا ہوا تھا، ہم مشکل پیریڈ سے نکل گئے ہیں، گھبرانا نہیں ہے ملک بھنور سے نکل آئے گا۔