کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کا بحری دفاع کئی گنا مضبوط بنانے کیلئے ایک اور کلیدی کامیابی حاصل کر لی گئی، پاک بحریہ کیلئے چوتھا بابر کلاس ملجم کارویٹ 'پی این ایس طارق' کی لانچنگ کل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بابر کلاس ملجم کارویٹ قریباً 3 ہزار ٹن وزنی 31 ناٹ رفتار کا حامل جنگی جہاز ہے، جنگی بحری جہاز سطح آب، زیر آب، فضاء پر مار کرنے والے میزائلوں، مہلک ہتھیاروں سے لیس ہے، بابر کلاس ملجم کارویٹ 12 سیلز پر مشتمل عمودی میزائل لانچنگ نظام بھی رکھتا ہے۔
جہاز جدید ترین ریڈارز، سینسرز، گنز اور ہیلی کاپٹر لینڈنگ ڈیک کا حامل ہے، بابر کلاس سلسلے کے چوتھے اور آخری جہاز پی این ایس طارق کی کیل لیئنگ 5 نومبر 2021ء کو ہوئی تھی، ترکیہ اسفاٹ کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجنئیرنگ ورکس میں تیار کردہ یہ دوسرا اور بطور مجموعی چوتھا جہاز ہے۔
ترکیہ نے پاکستان کو ٹیکنالوجی کی منتقلی اور بڑے جنگی جہازوں کی تیاری میں کلیدی تعاون فراہم کیا ہے، پاکستان نیوی کیلئے دو جہاز ترکیہ میں لانچ ہو چکے ہیں جوکہ جانچ کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے مابین جولائی 2018ء میں 4 ملجم کلاس کارویٹس کی خریداری کا معاہدہ ہوا تھا۔