لاہور: (دنیا نیوز) تین روز کی بندش کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے سرکاری تعلیمی ادارے آج کھل گئے۔
سرکاری سکولوں میں حاضری معمول سے انتہائی کم رہی جبکہ کالج اور یونیورسٹیاں پیر کے روز سے باقاعدہ کھلیں گی، پرائیویٹ اے پلس اور اے کیٹگری کے سکولز آج بھی بند رہے، ہفتہ کو بیشتر پرائیوٹ سکولز بند ہی رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:برٹش کونسل کا 15 مئی سے کیمبرج امتحانات کا سلسلہ بحال کرنے کا اعلان
پنجاب کے 9 بورڈز کے زیر اہتمام نویں جماعت کے ملتوی امتحانات کا نیا شیڈول جاری نہ ہو سکا۔
دوسری جانب برٹش کونسل نے پاکستان میں اے اور او لیول کیمبرج امتحانات پیر سے بحال کرنے کا اعلان کر دیا، کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل کے مطابق پیر 15 مئی سے پرچے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے احتجاج کی وجہ سے سکولز بند اور امتحانات متاثر ہوئے تھے۔