اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں ایک ہی روز انتخابات کیس میں حکومتی اتحاد نے پی ٹی آئی سے مذاکرات سے متعلق جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔
سپریم کورٹ میں جواب حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ اسحاق ڈارنے اٹارنی جنرل کی وساطت سے جمع کرایا۔
حکومتی اتحاد کی جانب سے جمع کروائے جانے والے جواب میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ملک میں ایک تاریخ کو الیکشن کرانے پر متفق ہیں۔
حکومت کے مطابق ملکی مفاد میں مذاکرات کا عمل بحال کرنے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی نے ملک بھر میں ایک ہی تاریخ کو الیکشن کرانے پر اتفاق کیا، انتخابات کے معاملے پر فریقین میں مذاکرات پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔
سپریم کورٹ کو اپنے جواب میں حکومت نے مزید بتایا کہ اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق تاریخ پر اتفاق نہ ہو سکا۔
جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومتی اتحادیوں نے مذاکرات میں لچک دکھائی، مذاکرات میں اسمبلیوں کو وقت سے پہلے تحلیل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔