لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج قمر الزمان نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے وکیل نے حاضری معافی کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ حمزہ شہباز کمر کی تکلیف کے باعث پیش نہیں ہو سکتے، ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرے، عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جگہ پیشی کے لیے ان کے پلیڈر انوار حسین پیش ہوئے۔
عدالت کی جانب سے شریک ملزمان سلمان شہباز اور ہارون یوسف سے متعلق سپلیمنٹری رپورٹ پیش کرنے کے حکم پر نیب نے ایک ہفتے کی مہلت مانگ لی۔
عدالت نے شریک ملزمان سلمان شہباز اور ہارون یوسف سے متعلق سپلیمنٹری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 10 مئی تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دے رکھا ہے۔
ریفرنس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت ٹوٹل 16 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
نیب ریفرنس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز، رابعہ شہباز اور نصرت شہباز کو فریق بنایا گیا تھا، احتساب عدالت نے حمزہ شہباز سمیت دیگر کو آج طلب کر رکھا تھا۔