بیجنگ، راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر چار روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں جہاں پہلے روز آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
جنرل عاصم منیر نے چاق و چوبند دستے کا معائنہ کیا جس کے بعد پی ایل اے کے کمانڈر کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی سلامتی کے امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں فوجی کمانڈروں نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے پی ایل اے کے دستوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے تربیت کے اعلیٰ معیار اور فوجیوں کی طرف سے دکھائی گئی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی، جنرل عاصم منیر دونوں افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے چین میں فوجی رہنماؤں سے مزید ملاقاتیں کریں گے، یہ ملاقاتیں آرمی چیف کے چین کے چار روزہ دورے کا حصہ ہیں۔