اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ بل پر حکم امتناع کے خلاف آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان بار کونسل کے ممبران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کو آئین و قانون کے دائرہ میں رہ کر کام کرنا ہو گا، الیکشن کے لیے دوسرے معاملات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
پاکستان بار کونسل کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا سوموٹو پہلے لینا چاہیے تھا۔
پاکستان بار کے وائس چیئرمین ہارون الرشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 2 ججز کے کہنے پر سروس میٹر میں از خود نوٹس لیا، انتخابات سے متعلق ہائیکورٹس میں زیر التوا کیسز کی پرواہ کیے بغیر چیف جسٹس نے 90 دن میں انتخابات کا حکم دیا، اصل ازخود نوٹس غیر ضروری طور پر اسمبلیاں تحلیل کرنے پر ہونا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے قیام سے اب تک صرف دو سوموٹو لیے ہیں اور وہ بھی تمام سپریم کورٹ کے ججز کی مشاورت سے لیے گئے، لاہور میں ایک سوکالڈ گول میز کانفرنس ہوئی، گول میز کانفرنس کو مسترد کرتے ہیں۔
ہارون الرشید نے کہا کہ ہمارا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ازخود نوٹس پراپیل کا حق دیا جائے، تمام صوبوں میں وکلا کو متحرک کریں گے، 29 تاریخ کو کوئٹہ میں لائرزکنونشن منعقد ہوگا۔