الیکشن 14 مئی کو ہوں گے، عدالتی حکم نہ ماننے والا نااہل ہوگا، اعتزاز احسن

Published On 15 April,2023 05:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی رہنما اور معروف قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ الیکشن ہرحال میں 14 مئی کو ہی ہوں گے، جوعدالتی فیصلے پرعمل نہیں کرے گا وہ نااہل ہوجائے گا۔

سینئر وکلا اور ماہر قانون کی گول میز کانفرنس سے خطاب میں معروف قانون دان اعتزاز احسن نے کہا کہ پارلیمان اورعدلیہ کے درمیان تاریخی جنگ شروع ہوئی ہے، سیاسی جماعتیں اس وقت آپس میں دست و گریباں ہیں، ہم نے سوچنا ہے کہ کیا ملک میں آئین کی بالادستی ہونی ہے یا نہیں، آئین کا تقاضا ہے کہ 90 دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، وزیراعظم اور اس کا بھائی کہتا ہے بنچ کو نہیں مانتے، پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پرعمل کرنا ہوگا، سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے، سپریم کورٹ نے کہا الیکشن چودہ مئی کو ہوں گے تو چودہ مئی کو ہی ہوں گے۔

اعتزاز احسن کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن چودہ مئی کو یہی وزیراعظم کروائے گا، اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہوگی تو وزیراعظم بھی یوسف رضا گیلانی کی طرح نااہل ہوگا۔