اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سینئر پارٹی قائدین کا مشاورتی اجلاس آج ہو گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کا انعقاد وزیراعظم ہاؤس میں دن ساڑھے بارہ بجے ہو گا جس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پر ابتدائی سماعت پر مشاورت ہو گی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف درخواستوں پر سماعت آج ہو گی ، چیف جسٹس آف پاکستان ( سی جے پی ) عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ ساڑھے 11 بجے سماعت کرے گا۔
اجلاس کے دوران انتخابات فنڈز سے متعلق وفاقی سیکرٹریز اور اٹارنی جنرل کو جاری نوٹسز پر بھی مشاورت ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی پر سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، گورنر سٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے تمام افسران کو 14 اپریل کو چیمبر میں طلب کیا ہے۔