وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا

Published On 08 April,2023 04:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) موجودہ ملکی سیاسی اور آئینی بحران میں وزیراعظم متحرک ہو گئے، شہباز شریف نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس آج دن 2 بجے ہو گا، وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالے اجلاس میں شہباز شریف لاہور سے ویڈیو لنک پر صدارت کریں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم قومی امور پر مشاورت کی جائے گی، فی الحال اجلاس کا ایجنڈا جاری نہیں کیا گیا، ان ٹیبل فراہم کیا جائے گا، اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائیگی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کو 10 اپریل تک انتخابات کیلئے فنڈز ملنے کے امکانات نہیں

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہو گی، جسٹس اطہر من اللہ کے اختلافی نوٹ کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا ۔

اجلاس میں صدر مملکت کی جانب سے بل واپس بھیجنے کے معاملے پر بھی لائحہ عمل طے کیا جائے گا، موجودہ ملکی حالات میں وفاقی کابینہ کا سخت فیصلے کرنے کا پلان ہے۔