مختلف ٹریفک حادثات میں 10 سالہ بچہ، 13 سالہ بچی اور خاتون جاں بحق

Published On 01 April,2023 11:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیچہ وطنی، اوکاڑہ اور مورو میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

چیچہ وطنی کمالیہ روڈ اڈہ 12 موڑ کے قریب 3 رکشے آپس میں ٹکرا گئے، حادثے میں 13 سالہ لڑکی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 2 افراد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مورو کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے 10 سالہ بچہ زوہیب ولد کریم بخش سولنگی جاں بحق ہوگیا، جاں بحق بچے کی لاش مورو ہسپتال لائی گئی جہاں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔

اوکاڑہ میں رکشہ کا ٹائر برسٹ ہونے کی وجہ سے پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، زخمیوں میں ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔