اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت اور توانائی بلال اظہر کیانی کا حماد اظہر کے بیان پر ردِ عمل سامنے آ گیا۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ دو دن میں ناقص کارکردگی پر نکالے جانے والے کو معیشت کی ترجمانی کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، جس کو عمران خان نے کان پکڑ کے نکال دیا تھا وہ معیشت پر لیکچر دے رہا ہے، عمران خان نے چار سال میں معیشت تباہ کی، آج کی مہنگائی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، ٹماٹر پیاز کی قیمت کم کرنے نہیں آئے کہنے والے آج ہر روز قیمتیں بتاتے ہیں، عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر نے مزید کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف کے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہ پاکستان کو سری لنکا بنانا چاہتے تھے، انہوں نے دو کروڑ سے زائد لوگوں کو غریب کیا، عمران خان نے 60 لاکھ سے زائد لوگوں کو بے روزگار کیا، ملک کو معاشی بدحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، نوجوانوں کو روزگار دیں گے اور انشاءاللہ ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔